نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے آسٹریا کی وزیر برائے یورپی و بین الاقوامی امور سے ملاقات،باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

3

نیویارک۔23ستمبر(اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور آسٹریا کی وزیر برائے یورپی و بین الاقوامی امور بیٹے میئنل ریزینگر نےپاکستان اور آسٹریا کے  باہمی  تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعلقات، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی بدھ کو   نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر آسٹریا کی وزیر برائے یورپی و بین الاقوامی امور بیٹے میئنل ریزینگر سے ملاقات  ہوئی۔  انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، بشمول مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ آسٹریا کی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی و عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے تمام فریقوں کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں راہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔