اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد کا یمن پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

0

اقوام متحدہ، 11 ستمبر(اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے یمن پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں حوثیوں کی جانب سے شہری اور اقتصادی اہداف پر کیے گئے قابلِ مذمت حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہیں اور یمن کے تنازعے کے پُرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ جیسا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے واضح طور پر کہا ہے، “ایسے بزدلانہ حملے بے گناہ انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ پاکستان مملکت سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے عین مطابق، پاکستان سعودی عرب کے اپنے علاقے کے دفاع، اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور کسی بھی خطرے کے مقابلے میں اپنے قومی اثاثوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

 یمن کی صورتِ حال انتہائی تشویش ناک اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ متعدد محاذوں پر جاری مخاصمت میں تیزی سے اضافہ، بحیرۂ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملے، مملکت سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی اہداف پر حملے، اور بگڑتی ہوئی انسانی صورتِ حال انتہائی سنگین تشویش کا باعث ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ایک جامع، یمنی قیادت میں اور یمنی ملکیت پر مبنی سیاسی عمل کی حمایت کرتا ہے۔ ہم خصوصی ایلچی کی جانب سے فریقین اور خطے کے اہم متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مسلسل سفارتی روابط کو سراہتے ہیں۔

 یمن میں سنگین انسانی بحران کے لیے عالمی برادری کی مسلسل توجہ درکار ہے۔ انسانی امدادی کارروائیوں کے لیے مناسب مالی وسائل فراہم کیے جائیں اور امدادی کارکنوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے ضروری تحفظ اور رسائی یقینی بنائی جائے۔

پاکستان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور ایک جامع سیاسی تصفیے کے لیے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، جو یمن اور وسیع تر خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بن سکیں۔ ہم سلامتی کونسل اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ ان مقاصد کی حمایت میں متحد رہیں۔