ملتان: 22 ستمبر( اے پی پی): کمشنر ڈویژن عامر کریم خاں نے والڈ سٹی منصوبے کے تحت تاریخی ملتان کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی ورثے کی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی کام منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے غیر ضروری ڈھانچے ختم کرنے اور اوقاف کی عمارتوں کی منتقلی کے معاملات بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمان، اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سہو اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ والڈ سٹی منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے تاریخی لائبریری، کیفے ٹیریا، فوڈ اسٹریٹ، کرافٹ بازار اور دمدمہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر نے تاریخی لائبریری میں کمپیوٹرز کی فراہمی، کتابوں کے ذخیرے میں اضافے اور طلبہ کے لیے رہنمائی سیشنز کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری کو علمی و مطالعاتی سرگرمیوں کا مؤثر مرکز بنایا جائے۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائبریری اور کیفے ٹیریا کو اکتوبر میں آپریشنل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
انہوں نے کیفے ٹیریا اور فوڈ اسٹریٹ میں صفائی، مناسب ہوا داری اور بیٹھنے کی سہولیات یقینی بنانے کے ساتھ لکڑی کے کام، چھتوں کی تزئین و آرائش اور دیگر آرائشی امور کو تاریخی ماحول سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے خوبصورت نشستوں، گملوں اور دیگر عوامی سہولیات میں بھی اضافہ کرنے پر زور دیا۔عامر کریم خاں نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور شہریوں و سیاحوں کی رہنمائی کے لیے نمایاں ایڈوائزری بورڈز نصب کرنے اور خصوصی آگاہی اسکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات پر پیدل گشت، عوامی آگاہی اور عمارتوں کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔کمشنر نے ریٹیننگ وال سمیت دیگر ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور فوڈ اسٹریٹ، کرافٹ بازار سمیت تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ والڈ سٹی منصوبے کے تحت تاریخی ملتان کے ثقافتی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو معیاری مطالعاتی، تفریحی اور ثقافتی سہولیات فراہم کی جائیں۔











