جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل کی وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق پر تبادلہ خیال

7

 

اسلام آباد، 15 ستمبر)اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل بھی شریک تھیں۔

 ملاقات کے دوران پاک جرمن تعلقات، مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کے حقوق آئین کے تحت مکمل طور پر محفوظ ہیں اور حکومت ان کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام اور مذہبی منافرت کے تدارک کے لیے وزارت میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔ سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ ملک میں غیر مسلم آبادی کے اہم تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں اور باہمی احترام و مکالمے کی فضا کے فروغ کے لیے ملک بھر میں سیمینارز اور کانفرنسیں منعقد کی جا رہی ہیں۔

جرمن کمشنر تھامس ریچل نے وزارتِ مذہبی امور کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وزارت کا نام اور کام دونوں منفرد اور قابلِ تحسین ہیں، اور عالمی امن کے لیے مذاہب کے درمیان مسلسل مکالمہ اور برداشت ناگزیر ہے۔