لندن ،29ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش مواقع سے مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خلیجی بحران پیدا نہ ہوا ہوتا تو ہم بھی دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکے ہوتے، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی اور قیام امن کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لندن سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کو لندن سٹاک ایکسچینج ٹریڈنگ اوپننگ کا اعزاز حاصل ہوا۔
لندن سٹاک ایکسچینج آمد پر لندن سٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ شوئمر اور سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے Dual Tranche یورو بانڈز لسٹنگ کی بھی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ لندن سٹاک ایکسچینج کی اس تقریب کا افتتاح کرنا میرے لیے باعث مسرت اور اعزاز ہے، یہ تقریب یقیناً پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی، میں یہ بات اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے اپنے معاشی اشاریوں کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جو مستقبل کے لیے نہایت حوصلہ افزاء اور امید افزاء ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی جانب سے تین ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز اور خودمختار قرضوں کے انتظام کی کامیابی اس امر کی واضح مثال ہے، یہ ہماری بھرپور محنت، گہری اور بنیادی نوعیت کی ساختی اصلاحات، معیشت کو ڈیجیٹل بنانے اور معیشت کو دوبارہ درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے کئے گئے تمام ضروری اقدامات کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر خلیجی بحران پیدا نہ ہوا ہوتا تو ہم بھی دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکے ہوتے، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی اور قیام امن کے لیے بھی اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نےامید ظاہر کی کہ ہم اسی سمت میں اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، یہاں تک کہ ہم ایک محفوظ اور مستحکم مقام تک پہنچ جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر وزیرِ خزانہ، دیگر متعلقہ اقتصادی وزراء، سیکرٹریز اور حکومتی افسران کی کاوشوں کو سراہتاہوں جنہوں نے ہماری معیشت کی تعمیر اور بہتری کے لیے قابل ذکر کام کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خلیجی بحران کے تناظر میں ہم نئے اسباق سیکھیں، سرمایہ کار اب محفوظ تر منڈیوں کا جائزہ اور تجزیہ کر رہے ہیں اور پاکستان ایک ایسی منڈی ہے جہاں ہم غیر ملکی سرمایہ کاری کو باآسانی راغب کر سکتے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری انتہائی منافع بخش، باہمی طور پر فائدہ مند، محفوظ اور مستحکم ہو سکتی ہے۔
اس سلسلے میں ہمارے وزیر خزانہ اور دیگر اہم ارکان اقتصادی ٹیم کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر آپ کی رہنمائی اور مشورہ حاصل کرنا چاہیں گے کہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کو پاکستان میں مزید فعال کردار ادا کرنے کے لیے کس طرح راغب کیا جا سکتا ہے۔ یہ کردار صرف خودمختار قرضوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ سرمایہ کاری کے میدان میں بھی ہونا چاہیے،پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع انتہائی پرکشش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نجکاری کے مشیر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے عمل میں کامیابی حاصل کی ہے، اب ہم کئی دیگر سرکاری اداروں کو بھی نجی شعبے کے حوالے کرنے کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں، کیونکہ ان اداروں کو نجی شعبے ہی کے ذریعے چلایا جانا چاہیے،یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں ہم آپ کے ساتھ انتہائی قریبی تعاون کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بھی بہت خوشی ہوئی کہ آپ پاکستان کے لیے اجنبی نہیں ہیں، اسی لیے میں نے اپنے ہائی کمشنر سے کہا ہے کہ وہ آپ کو پاکستان کے دورے کی ایک پرتپاک دعوت بھیجیں۔اس دعوت پر آپ اپنی سہولت کے مطابق دورے کی تاریخ طے کر سکیں اور اپنی جوانی کے ایام کی پاکستان سے وابستہ خوبصورت یادیں ایک بار پھر تازہ کر سکیں۔ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کو لندن سٹاک ایکسچینج ٹریڈنگ اوپننگ کا اعزاز حاصل ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت پاکستان اور لندن کے اہم مالیاتی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کا مظہر ہے۔لندن سٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ شوئمر اورلندن سٹاک ایکسچینج گروپ کے سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
لندن سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپن تقریب پیٹرنوسٹر سکوائر میں واقع اس کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوتی ہے اور اس کے ذریعے لندن میں کاروباری دن کی ٹریڈنگ کا باقاعدہ آغاز ہوتا ہے۔











