اسلام آباد،29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نےعلاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی حالات میں پاکستان عالمی استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
جمہوریہ چیک قومی دن کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں اور دنیا بھر میں استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے2021ء میں پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان دفاعی صنعتی اور لاجسٹکس تعاون کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان موجودہ فریم ورک کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے اور نوجوان نسل کے لیے امن و امید کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کی بات کرتی رہی ہے جبکہ پاکستان نے خود کو نیٹ پیس پرووائیڈر بنانے کا عزم کیا ہے۔مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں اور ملک علاقائی و عالمی استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیےکوششیں جاری رکھے گا۔
پاکستان اور جمہوریہ چیک کےدیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط پاکستان کے قیام سے قبل کے ہیں اور ان میں تجارتی، تکنیکی، تعلیمی اور دفاعی شعبوں میں تعاون شامل ہے۔انہوں نے پاکستان میں باٹا کی موجودگی اور بٹاپور کے قیام کو دونوں ممالک کے دیرینہ تجارتی تعلقات کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنی آج بھی پاکستان بھر میں وسیع پیمانے پر معروف ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر توانائی کی حیثیت سے اپنے دور میں انہوں نے دیکھا کہ چیک ٹیکنالوجی بشمول ٹربائنز اور مشینری، پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں استعمال ہوئی جس میں منگلا کے منصوبے بھی شامل ہیں۔مصدق ملک نےتعلیمی تعاون کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سینکڑوں پاکستانی طلبہ چیک یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجیز،کاروباری ماڈلز اور بین الاقوامی طریقہ کار سے آگاہی حاصل کرنے کے مواقع مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریہ چیک پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے اور ایسی مہارتیں فروغ دینے کے مواقع فراہم کرتا ہے جو انہیں عالمی شہری بننے میں مدد دے سکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے تقریب میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کےثقافتی ورثے اور پراگ کی تاریخی خوبصورتی کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ایسے شعبوں میں تعاون وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا جو امن، استحکام اورخوشحالی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔











