راولپنڈی :23 ستمبر (اے پی پی): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سعودی عرب کے 96 ویں قومی دن کے پرمسرت موقع پر دونوں برادر ممالک کے لازوال رشتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ایک خصوصی دستاویزی فلم جاری کی ہے، جس کا عنوان “پاکستان اور سعودی عرب: بھائی چارے کا لازوال رشتہ” ہے۔
دستاویزی فلم کے مطابق، جیسا کہ مملکت سعودی عرب اپنا 96 واں قومی دن منا رہی ہے، اس خاص موقع پر جنوبی ایشیا اور خلیج کو جوڑنے والے دنیا کے سب سے زیادہ نتیجہ خیز اور مستحکم اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
کئی دہائیوں پر محیط یہ تعلقات محض سفارت کاری، تجارت اور ثقافتی ہم آہنگی تک محدود نہیں ہیں، بلکہ یہ فوجی تربیت، دفاعی تعاون، اسٹریٹجک کوآرڈینیشن اور سکیورٹی پارٹنرشپ کے ذریعے ایک نئے اور مضبوط دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
دستاویزی فلم میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور “مکہ مکرمہ مشترکہ معاہدے” پر باضابطہ دستخط کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ دفاعی تعاون کے یہ رشتے مزید تووانائی اور پختگی حاصل کر رہے ہیں۔











