قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے سیاسی شخصیات اور تاجر برادری کی ملاقاتیں، امن و امان، سیلاب اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

3

اسلام آباد، 02 ستمبر (اے پی پی): قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی سے بدھ کو ایوان صدر میں مختلف سیاسی شخصیات اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جن میں قومی، علاقائی و بین الاقوامی امور، سیکیورٹی کی صورتحال، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور سیلاب سے ہونے والے نقصان و امدادی کارروائیوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی کے ہمراہ قائم مقام صدر سے ملاقات کی اور انہیں صوبے میں امن و امان، امن و استحکام، حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امداد و بحالی کی جاری کوششوں سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔

علیحدہ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار محمد یعقوب خان نے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے بطور وزیراعظم پاکستان دورِ حکومت میں آزاد کشمیر میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے دل کے قریب رہا ہے اور پارٹی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے دیرینہ موقف پر مضبوطی سے قائم ہے۔

مزید برآں سابق وفاقی و صوبائی وزیر سید صمصام بخاری نے اپنے حلقے کے عمومی و سیاسی امور، سابق وفاقی وزیر خارجہ سید جلیل عباس جیلانی نے علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت، جبکہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین فیصل جہانگیر نے چاول کی ملکی برآمدات اور ان سے متعلقہ درپیش امور پر قائم مقام صدر کو تفصیلی بریفنگ دی۔