اسلام آباد، 2 ستمبر(اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں کیش لیس معیشت کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کیش لیس معیشت کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے، ڈیجیٹل لین دین کے فروغ اور حکومتی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈیجیٹل مرچنٹس اور صارفین کی تعداد میں اضافے، سرکاری اداروں میں وینڈر، ملازمین اور پنشن کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے، مرچنٹس کے لیے مرکزی ڈیٹا بیس کے قیام اور شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مزید آسان بنانے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق شفاف، دستاویزی اور جامع معیشت کے قیام کے لیے پرعزم ہے، کیش لیس معیشت کے حوالے سے پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو مزید مؤثر اور عوام کے لیے سہل بنایا جا سکے۔











