مسیحی شخصی قوانین میں اصلاحاتی کمیٹی کا دوسرا اجلاس،مسیحی شادی ترمیمی ایکٹ اسمبلی میں پیش کرنے پر اتفاقِ رائے

0

لاہور، 10 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مسیحی شخصی قوانین میں اصلاحات کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی تکنیکی کمیٹی کا دوسرا اہم اجلاس صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسیحی شادی ترمیمی ایکٹ اسمبلی میں پیش کرنے پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔

اجلاس میں مسیحی شادی ایکٹ میں مجوزہ ترامیم، مسیحی پرسنل لاز اپنانے اور ذیلی کمیٹی کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی جبکہ ڈاکٹر نول کھوکھر نے بھی پریزنٹیشن پیش کی۔

اعلیٰ سطحی تکنیکی کمیٹی نے مسیحی شادیوں کی آن لائن رجسٹریشن کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے مسیحی شادیوں کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کا خاتمہ اور شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ مسیحی خاندانوں کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے جدید اور شفاف نظام وضع کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے لیے مذہبی تعلیم اور امتحانی سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مذہبی تعلیم کی فراہمی کے لیے تصدیق شدہ اساتذہ نامزد کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے مذہبی تعلیم، امتحانی سہولیات اور مصدقہ اساتذہ کی نامزدگی کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

اجلاس میں ارکان صوبائی اسمبلی، سرکاری محکموں کے نمائندگان، قانونی ماہرین اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب میں مسیحی برادری کے شخصی قوانین میں اصلاحات کے لیے آج اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عزم ہے اور مسیحی پرسنل لاز میں اصلاحات وزیراعلیٰ کے اقلیت دوست وژن کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مسیحی برادری کو مؤثر قانونی تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ مسیحی شادی کے قانون میں اصلاحات کے لیے اعلیٰ سطحی تکنیکی کمیٹی کا متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ مسیحی شادی ترمیمی ایکٹ اسمبلی میں پیش کرنے پر کمیٹی کا اتفاقِ رائے خوش آئند ہے۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مسیحی شادیوں کی رجسٹریشن آن لائن ہونے سے شفافیت اور ریکارڈ کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ پنجاب میں مسیحی شخصی قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب اقلیتی برادریوں کے مذہبی، قانونی اور سماجی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔ مسیحی برادری کے لیے قانون سازی میں مذہبی، قانونی اور تعلیمی ماہرین کی رائے شامل کی جا رہی ہے اور مسیحی پرسنل لاز کی قانون سازی میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے