ملتان: فوڈ اتھارٹی کا سپیشل آپریشن، 1500 کلو غیر معیاری خوراک تلف، ریسٹورنٹس اور بیکری کو بھاری جرمانے

5

ملتان، 2 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملتان میں سپیشل آپریشن کرتے ہوئے دو معروف ریسٹورنٹس اور ایک بیکری کے پروڈکشن یونٹ کی چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران 1500 کلو غیر معیاری خوراک تلف جبکہ فوڈ بزنس مالکان کو 10، 10 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

سپیشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر پنجاب سلمیٰ بٹ اور ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے ملتان کا دورہ کیا اور فوڈ سیفٹی آپریشن کا جائزہ لیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ریسٹورنٹس میں کھانوں کی تیاری کے لیے غیر معیاری گوشت، ناقص اور کھلے اجزاء کے استعمال، آلودہ فریزرز میں خوراک کی سٹوریج، باسی سبزیوں کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر کارروائی کی گئی۔

ترجمان کے مطابق بیکری کے پروڈکشن ایریا میں حشرات کی موجودگی اور خام مٹیریل میں زرات پائے جانے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ خلاف ورزیوں پر دونوں ریسٹورنٹس اور بیکری پروڈکشن یونٹ کو اصلاح تک بند کردیا گیا۔اس موقع پر سپیشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر پنجاب سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ملاوٹ، جعل سازی اور صفائی ستھرائی کے معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔