ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے مزید 10 ہزار پودوں اور درختوں کی شجرکاری مکمل کرلی

0

ملتان، 2ستمبر(اے پی پی):ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے مزید 10 ہزار پودوں اور درختوں کی شجرکاری مکمل کرلی ہے۔

 ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن کی ہدایات پر شہر بھر میں شجرکاری کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔بہاولپور بائی پاس سے وہاڑی چوک تک مختلف گرین بیلٹس پر کنیر، ٹرمینیلیا اور ارجن کے پودے اور درخت لگانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ جمیل آباد سے پل واصل تک گرین بیلٹ پر تبوبیا کے 50 سے زائد درخت بھی لگائے گئے ہیں۔

سید وسیم حسن نے گرین بیلٹس اور پارکس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ملتان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس اور پارکس میں سایہ دار اور خوبصورت درختوں کی شجرکاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان کو گرین سٹی بنانا ہمارا مشن ہے، درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شجرکاری سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ماحول کو صاف اور صحت مند بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے حصے کا کم از کم ایک درخت ضرور لگائیں تاکہ ملتان کو سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنایا جاسکے۔