ملتان،19 ستمبر (اے پی پی ): ضلع ملتان میں تین روزہ قومی پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی جو 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محسن نثار نے شہباز شریف ہسپتال میں پولیو مہم کا افتتاح کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محسن نثار نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ مہم کے دوران مجموعی طور پر 4 ہزار 399 ٹیمیں فرائض انجام دیں گی، جن میں 4 ہزار 21 موبائل، 230 فکسڈ اور 148 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کی نگرانی کے لیے 833 ایریا انچارجز اور 135 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز خدمات سرانجام دیں گے، جبکہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ جنرل بس اسٹینڈ، ویگن اسٹینڈ اور دیگر اہم مقامات پر بھی خصوصی پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔محسن نثار نے کہا کہ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے پولیو ٹیموں کی مکمل نگرانی کریں گے جبکہ حساس علاقوں میں ٹیموں کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ بچوں کو موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔











