ملتان ،23 ستمبر(اے پی پی): ملتان پبلک سکول اینڈ کالج گرلز برانچ میں نمایاں کامیاب طلبہ و طالبات میں اعزازات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں اعزازات تقسیم کیے۔
اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی کامیابی والدین، اساتذہ اور پورے معاشرے کے لیے باعث فخر ہے۔ ایک بچے کی کامیابی دوسرے بچوں کے لیے حوصلے اور تحریک کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی کامیابی میں والدین کی قربانیوں اور اساتذہ کی محنت کا بنیادی کردار ہے، اس لیے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔کمشنر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ذمہ دار شہری بننا بھی ان کی اہم ذمہ داری ہے۔ طلبہ صرف ملتان نہیں بلکہ پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لیے نوجوان نسل سے براہ راست مکالمہ اور ان کی تربیت معاشرے کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ عوامی مقامات، پارکس اور پودوں کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پبلک واش رومز کو ذمہ داری سے استعمال کرنا اور کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا شروعات ہے جبکہ لگائے گئے درختوں کی حفاظت اصل ذمہ داری ہے۔
کمشنر نے کہا کہ معاشرے کو بہتر بنانے کے لیے طلبہ اور نوجوان نسل کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں بھی محنت، نظم و ضبط اور مثبت کردار کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کرنے پر زور دیا۔











