ڈسکوز کا جامع تکنیکی آڈٹ کرنے کا فیصلہ: بجلی چوری کی روک تھام اور نظام کی بہتری کے لیے اہم اقدامات

1

اسلام آباد، 23 ستمبر(اے پی پی):وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں بے ضابطگیوں اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے قائم اعلیٰ سطح کمیٹی کے اجلاس میں تمام ڈسکوز کا جامع تکنیکی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ ادارے تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد چیمہ اور وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے وزیراعظم کی ہدایت پر ڈسکوز میں بے ضابطگیوں اور بجلی چوری سے متعلق قائم کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں بجلی کی تقسیم کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، نقصانات میں کمی اور تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پاور ڈویژن، نیپرا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے بجلی چوری، تقسیم کے نقصانات، ریکوری اور شعبہ توانائی میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا جامع تکنیکی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری کے مواقع، نقصانات کی وجوہات اور متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ تکنیکی و تجارتی نقصانات کا جامع جائزہ لینا ہے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے اور شفاف و قابل اعتماد طریقہ کار کے تحت آڈٹ کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے موزوں تکنیکی ماہرین کی خدمات کے حصول کے لیے اظہار دلچسپی جاری کیا جائے گا۔ تکنیکی آڈٹ کے ضابطہ کار کو آئندہ ہفتے تک حتمی شکل دی جائے گی۔

سینیٹر احد چیمہ نے کہا کہ آڈٹ کے ذریعے بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری کے لیے جامع تشخیصی تجزیہ کیا جائے اور قابل اعتماد و قابل عمل سفارشات مرتب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ کے نتائج بجلی چوری اور تقسیم کے نقصانات میں کمی کے لیے ہدفی اور شواہد پر مبنی اقدامات میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بجلی چوری میں کمی، تقسیم کے نظام کی بہتری اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ گردشی قرضے میں مزید اضافے کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاور ڈویژن کمیٹی کے مقاصد کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے اور بجلی چوری و تقسیم کے نقصانات میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

 کمیٹی کو پیسکو اور کیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں جاری ترغیبی بنیادوں پر سولرائزیشن کے پائلٹ منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ان منصوبوں کا مقصد بجلی کے نیٹ ورک پر دباؤ کم کرنا اور بجلی کی تقسیم کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

کمیٹی نے ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور بے ضابطگیوں کی بروقت نشاندہی، نگرانی کے نظام میں بہتری اور تقسیم کے شعبے میں جواب دہی مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل ذرائع اور قابل اعتماد اعداد و شمار کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔ اجلاس میں ڈسکوز کی ریکوری کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور رواں سال ہونے والی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزرا نے بہتر طرز حکمرانی، مؤثر نگرانی، ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور ہدفی اقدامات کے ذریعے اس پیش رفت کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔