نایاب اور معدومیت کے خطرے سے دوچار فنون کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں: وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی

6

اسلام آباد: 01 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر براۓ قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ حکومت نایاب، روایتی اور معدومیت کے خطرے سے دوچار فنون کو محفوظ بنانے اور انہیں آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں یونیسکو کے تعاون سے بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنونِ لطیفہ اور روایتی دستکاریوں سے وابستہ فنکار پاکستان کا قیمتی ثقافتی اثاثہ ہیں، جن کے فن کو زندہ رکھنا قومی ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے یہ بات لوک ورثہ اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے ) کے نیشنل ایوارڈز 2026ء کے لیے نامزد فنکاروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے ایوارڈ کے لیے منتخب تمام فنکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ان کے لیے بلکہ ان کے خاندان، متعلقہ شعبے اور پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام نامزد فنکار میرٹ اور اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر اس اعزاز کے مستحق قرار پائے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مرتبہ نوجوان فنکاروں کو بھی بڑی تعداد میں نیشنل ایوارڈز کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور وزیراعظم کے ویژن کے تحت یہ اقدام نوجوان نسل میں فنون و ثقافت کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔