بشکیک،01ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کو عالمی امن و استحکام کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس سی او مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔
منگل کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس سےخطاب کرتے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ اور ایس سی او چارٹر پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خودمختاری، علاقائی سالمیت اور علاقائی امن کے حوالے سے مشترکہ عزم کا اظہار قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پُرامن افغانستان کا خواہاں ہے لیکن جب تک دہشت گرد افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتے رہیں گے خطے میں امن قائم نہیں ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کی اور آبی معاہدوں کی پاسداری پر زور دیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کو حقِ خود ارادیت دلانے کا مطالبہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے بھر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے رابطہ کاری، پیشگی انتباہ اور امدادی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاکستان نے اسلام آباد میں 2026-2027 کے دوران ‘‘گلوبل ریزیلینس ایکسپو’’ کے انعقاد کی تجویز دی ہے،ایس سی او کی پاکستان کی صدارت کا مرکزی موضوع ہوگا، ‘‘وژن کو عمل میں بدلنا: روابط، جدت طرازی اور مشترکہ خوشحالی’’ ۔
اے پی پی/ قرۃالعین/ حبیب ششاہ











