وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی کی ملاقات

0

اسلام آباد،90 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے  نو منتخب وزیراعظم  سید افتخار علی گیلانی نے  ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے سید افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد  دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے امن، ترقی اور خطے میں جاری فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے  کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پاکستان حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی رہے گی۔

 وزیراعظم  نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کشمیری بھائیوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اقدامات جاری رکھے گی۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔