وزیراعظم شہباز شریف سے پاک جاپان گروپ کے سی ای او چوہدری آصف محمود کی ملاقات، برآمدات اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر گفتگو

2

اسلام آباد (اے پی پی) 16 ستمبر 2026: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاک جاپان گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) چوہدری آصف محمود نے ملاقات کی، جس میں ملک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار اور آسان ماحول کی فراہمی سمیت ان کے درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی، سرمایہ کاری کے فروغ اور قومی برآمدات میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل کارآمد بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی استحکام کے لیے کاروباری طبقے اور اوورسیز پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کروانے اور نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات دور کرنے اور ملکی برآمدات کے حجم میں خاطر خواہ اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر بھی موجود تھے۔