وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس، شہروں کی ترقی کیلئے جاری پروگرامز کا جائزہ

1

لاہور16 ستمبر(اے پی پی) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب کے شہروں کی ترقی کیلئے جاری مختلف پروگرامز کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سپیشل سیکرٹریز شاہد زمان لک، سید موسیٰ رضا اور ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی نے بھی شرکت کی جبکہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پی آئی سی آئی آئی پی) کے سی ای او عمر جاوید نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) اور پنجاب سٹیز پروگرام (پی سی پی) پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ راولپنڈی کے قریب چاہن اور خان پور ڈیم کے پانی کی فلٹریشن کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ چاہن ڈیم سے روزانہ 12 ملین جبکہ خان پور ڈیم سے 8.6 ملین گیلن صاف پانی فراہم کیا جا سکے گا۔ صوبائی وزیر نے منصوبے کو ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام سے منسلک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کی پیکیج ون اور ٹو کے تحت سولرائزیشن بھی کی جائے گی۔ پیکیج ون میں 12 میگاواٹ اور پیکیج ٹو سے 7 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔

 ذیشان رفیق نے کہا کہ پی آئی سی آئی آئی پی کے تحت 16 شہروں میں سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے پی آئی سی آئی آئی پی کو نیسپاک کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کے اچھے نتائج سامنے آئے۔ انشااللہ اگلے مون سون تک ان 16 شہروں میں بھی ٹینکس کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر شہر کی ضرورت سمجھنے کیلئے متعلقہ منتخب نمائندوں سے بھی مشاورت کی جائے۔