نیویارک،23 ستمبر( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد کے لیے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے بالخصوص پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں منیجنگ ڈائریکٹر کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کے لیے حکومت کی بھرپور ملکیت اور وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم بنانے، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی بنیادیں استوار کرنے کے لیے اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے اور ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ علاقائی تنازعات اور بیرونی مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کی بدولت معاشی استحکام کے مرحلے سے کامیابی کے ساتھ معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نیشنل ٹیرف نظام، ملکی محصولات میں اضافے کے لیے اقدامات اور نجکاری کے عمل میں پیش رفت کو پاکستان کی ان کوششوں کی مثالیں قرار دیا۔
وزیراعظم نے معاشی اصلاحات کے تسلسل کے ساتھ ساتھ معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم پر بھی زور دیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ٹھوس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے، اصلاحات کو آگے بڑھانے، ملکی معیشت کی مضبوطی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر برائے نجکاری محمد علی، معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











