وزیراعظم شہباز شریف کی صدر یورپی کونسل ،صدر یورپی کمیشن سے ملاقات

1

نیویارک ،23 ستمبر( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران رہنماؤں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطح پر بڑھتے ہوۓ باہمی روابط پر اظہار اطمینان کیا۔

وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔

 وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط  باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور یورپی یونین کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے جی ایس پی پلس( +GSP) کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس فریم ورک کے تحت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل روابط جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ  پاکستان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے یورپی یونین کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

اے پی پی/ قرۃالعین/