لاہور، 17 ستمبر (اے پی پی): شہریوں کو وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکیج کے تحت پٹرولیم مصنوعات پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کی بلا تعطل اور شفاف فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل واہگہ کے مختلف فیول اسٹیشنز اور پٹرول پمپس کا تفصیلی دورہ کیا اور سبسڈی کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پیرا فورس کے عملے نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو فیول سبسڈی میکانزم اور ڈیوٹی روسٹرز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے پٹرول پمپس پر شہریوں کی سہولت کے لیے قائم پبلک فیسیلیٹیشن ڈیسک اور مانیٹرنگ کے عمل کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے پٹرولیم مصنوعات کی مقررہ سبسڈی والے نرخوں پر فراہمی اور نیشنل فیول ایپ کے ذریعے شہریوں کی تصدیق کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعظم فیول ریلیف پیکیج کا فائدہ بلا تاخیر ہر اہل شہری تک پہنچایا جائے اور اس عمل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ فیول سبسڈی کے عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا مصنوعی قلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور اور پیرا فورس کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور پٹرول پمپس کی نگرانی اور چیکنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔











