لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے تجاویز نوٹ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کے احکامات جاری کیے۔ضلع ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملتان کے ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ارکان اسمبلی نے جلالپور پیر والا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی ریکارڈ مدت میں تعمیر پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان دریائے چناب پر پل بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے جیل منتقل کرکے موجودہ جگہ پر عوامی پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی جبکہ خانیوال روڈ کی توسیع اور ری ڈیزائننگ کا بھی حکم دیا۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے میدان میں پنجاب نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ پنجاب ترقی کی ایک بڑی مثال بن کر سامنے آیا ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر کام کیے جا رہے ہیں۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی امن و امان کے لیے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران وزیراعلیٰ، سینئر وزیر اور دیگر وزراء مکمل بحالی تک عوام کے درمیان موجود رہے۔ ارکان اسمبلی نے قبضہ گروپوں کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو بھی سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا فوکس کسی ایک شہر تک محدود نہیں بلکہ پنجاب کے 40 اضلاع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین بس پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پہلے اور لاہور میں بعد میں آئی۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ آبادی کے تناسب سے ترقیاتی منصوبے کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ میو ہسپتال لاہور کے بعد کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن مشین نشتر ہسپتال ملتان میں بھی نصب کی گئی ہے۔ اس مشین کے ذریعے ملتان ہی نہیں بلکہ دیگر صوبوں کے کینسر کے مریض بھی بغیر سرجری علاج سے مستفید ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ارکان اسمبلی کو ان کے متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تک عملدرآمد کے عمل میں شامل رکھا جائے۔











