اسلام آباد، 2 ستمبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کرغستان کا دورہ مکمل کرکے وطن واپسی کے فوراً بعد وزراتِ صحت کے امور اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کو شعبہ صحت بالخصوص پمز واقعے کی تحقیقاتی پیش رفت سے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پمز آتشزدگی کے حوالے سے تیار کی گئی عبوری تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ان کی تمام ہدایت اور فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ واقعے میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔شہباز شریف نے وفاقی وزیرِ صحت اور سیکریٹری صحت کو خصوصی ہدایت جاری کیں کہ وہ متبادل دنوں پر بذاتِ خود پمز ہسپتال میں موجودگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ دونوں ذمہ داران اپنی براہِ راست نگرانی میں ہسپتال کی صورتحال اور انتظامی بہتری کے اقدامات پر عملدرآمد کروائیں۔
وزیرِ اعظم نے پمز ہسپتال میں تمام تر حفاظتی تدابیر کے فوری اطلاق اور مریضوں کے لیے علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک کے پورے شعبہ صحت میں اصلاحاتی عمل کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی سخت ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکریٹری صحت کیپٹن (ر) محمد محمود اور پمز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے شرکت کی۔











