اسلام آباد،2ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان جاری تعاون، ادارہ جاتی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں اے ڈی بی کے نائب صدر نے پاکستان ریلویز میں ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز دی، جس پر اس عمل کو فوری شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ ریلوے میں ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر نے ایم ایل ون کو قومی اہمیت کا حامل فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی اہم قومی ترجیحات میں شامل ہے۔ اے ڈی بی کے نائب صدر نے ایم ایل ون منصوبے پر حکومت پاکستان کی جانب سے کی گئی پیش رفت اور رفتار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بینک منصوبے پر عملی کام کے جلد آغاز کے لیے حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
احد چیمہ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کا قابل اعتماد اور دیرینہ ترقیاتی شراکت دار ہے اور اس کی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی کی منظوری خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کی جانے والی مالیاتی، ساختی اور گورننس اصلاحات سے معیشت پر اعتماد بحال ہوا ہے جبکہ حکومتی اصلاحات نے میکرو اکنامک استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان میں نجی شعبے سے متعلق اے ڈی بی کی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافے پر زور دیا۔ اے ڈی بی کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے سے متعلق پورٹ فولیو کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے حکومت کی پراجیکٹ ریڈینس اصلاحات اور جدید مالیاتی ذرائع کے فروغ کے اقدامات کو بھی سراہا۔
ملاقات میں نجی شعبے، ایس ایم ایز، برآمدات پر مبنی ترقی اور ہدفی ہنرمندی کے پروگراموں کے فروغ سمیت بجلی کی ترسیل و تقسیم کے بنیادی ڈھانچے، پانی و غذائی تحفظ اور تکنیکی معاونت کے پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے، نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور پاکستان اور اے ڈی بی کے مضبوط اشتراک کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں ڈھالنے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔











