وزیرِ خزانہ کی ایبٹ کے نمائندے سے ملاقات، پاکستان کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام پر تیز رفتار عملدرآمد پر زور

0

نیویارک، 23 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے 81ویں اجلاسِ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے اپنے دورۂ نیویارک کے دوران ایبٹ کے فارماسیوٹیکل ڈویژن کے نمائندے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام پر عملدرآمد اور فارماسیوٹیکل شعبے سے متعلق وسیع تر امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیرِ خزانہ نے پروگرام کی سست پیش رفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 30 لاکھ خریدے گئے تشخیصی ٹیسٹس میں سے صرف ایک لاکھ کے قریب استعمال کیے گئے ہیں،جس کی وجوہات میں قیادت میں تبدیلی،منصوبے کے انتظام میں کمزوریاں اور عوامی آگاہی کی محدود سطح شامل ہیں۔

انہوں نے مصر کے بڑے پیمانے پر اسکریننگ پروگرام میں معاونت کے تجربے کی بنیاد پر ایبٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تکنیکی معاونت کو سراہا۔ ملاقات میں ڈریپ کی ضابطہ جاتی صلاحیت میں بہتری،فارماسیوٹیکل برآمدات میں تنوع، کینسر کے علاج کے حوالے سے ایبٹ کے منصوبوں اور مشکل حالات سے متعلق ادویات کی قیمتوں کے معاملات کے حل میں تاخیر پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے ادویات کی قابلِ استطاعت قیمتوں،تجارتی پائیداری اور فراہمی کے تسلسل کے درمیان توازن کی ضرورت کو تسلیم کیا اور پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق مسائل پاکستان میں متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے اور پیش رفت تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔