وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کا جہلم، سوہاوہ اور دینہ کا دورہ، فیول ریلیف سکیم کا جائزہ

0

جہلم، 24 ستمبر (اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے جہلم، سوہاوہ اور دینہ میں پٹرول پمپس اور رجسٹریشن کیمپس کا مسلسل دوسرے روز دورہ کیا اور سستے پٹرول کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔

وزیر مملکت نے شہری اور دیہی علاقوں میں قائم پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور رجسٹریشن کیمپس میں شہریوں کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سستے پٹرول کے حصول کے لیے مقررہ نمبر پر رجسٹریشن اور ٹوکن کے حصول کے عمل میں شہریوں کی مدد بھی کی۔

اس موقع پر شہریوں نے وزیر مملکت کی جانب سے رجسٹریشن کے عمل میں مدد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور رجسٹریشن کیمپس کے قیام کے اقدام کو سراہا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے عوام کو سستا پٹرول فراہم کرنے کا عمل تیز ہو رہا ہے، عوام کی آگاہی اور رجسٹریشن میں مدد کے لیے پٹرول پمپس کے ساتھ رجسٹریشن کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے پٹرول پمپس کے دورے شروع کیے اور گزشتہ دو روز کے دوران جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے شہری و دیہی علاقوں میں جاکر عوام کو سستے پٹرول کی فراہمی کے عمل کا خود جائزہ لیا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کو ہر ہفتے مفت پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عالمی سطح پر حالات کے اثرات سے پاکستان کی معیشت پر دباؤ ہے تاہم حکومت ملک کے معاشی مفادات اور عوام دونوں کا تحفظ کر رہی ہے۔دورے کے دوران مقامی قائدین، رہنما اور کارکنان، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دیگر حکام بھی وزیر مملکت کے ہمراہ تھے۔