اسلام آباد، 14 ستمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل اور جرمن سفیر انا لیپل نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور جرمنی کے درمیان انسانی حقوق، مذہبی آزادی، قانون کی حکمرانی، اقلیتوں کے حقوق، آزادی اظہار اور یورپی یونین کے GSP+ فریم ورک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود انسانی حقوق کے قانونی و ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنایا جا رہا ہے اور قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق کی تشکیل کا پارلیمانی عمل جاری ہے، جبکہ کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے قانون سازی ایک اہم پیش رفت ہے۔ جرمن کمشنر نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ سے متعلق قانون سازی کی تعریف کی، اور اس بات پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کے لیے مذاہب کے درمیان باہمی احترام اور مسلسل مکالمہ ناگزیر ہے۔ دونوں رہنماؤں نے انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔











