صدرمملکت  سے فرانسیسی سفیر نکولس گیلے کی الوداعی ملاقات، پاکستان فرانس کے ساتھ دیرینہ دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے، آصف علی زرداری

3

اسلام آباد،14ستمبر  (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان فرانس کے ساتھ دیرینہ دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پیر کو فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔صدر مملکت نے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کے فروغ کے لیے اپنے دور سفارت کے دوران فرانسیسی سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید وسعت اختیار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دیرینہ دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مشکل دور کے بعد دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں سفیر نکولس گیلے کے تعمیری کردار کو سراہا۔ صدر مملکت نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے فرانس میں جنگلات کی آگ کے تباہ کن واقعات پر فرانسیسی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے تنازع کے دوران پاکستان کے تعمیری ثالثی کےکردار کے فرانس کی جانب سے اعتراف کو بھی سراہا۔صدر مملکت نے باہمی مفاد کے شعبوں میں مزید تعاون کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فرانسیسی کمپنیوں اور فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی کے کردار کو سراہا۔صدر مملکت نے سفیر نکولس گیلے کو اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے پاکستان میں اپنے دور سفارت کے دوران ملنے والے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے موقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فرانس فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتا ہے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جاری منصفانہ تحریکوں کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے حالیہ امریکہ-ایران تنازع کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نےاس حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جو کچھ بھی کیا، مہارت کے ساتھ کیا، آپ نے بہت اچھا کام کیا۔