اسلام آباد، 28 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کے پیش کردہ قانونی و انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی نے ایف آئی اے ایکٹ 1974، پاکستان پینل کوڈ 1860، ضابطۂ فوجداری 1898 اور سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں مجوزہ ترامیم کو ضروری ترامیم اور سفارشات شامل کرنے سے مشروط کرتے ہوئے منظوری دے دی، جبکہ امیگریشن رولز 1979 میں مجوزہ ترامیم کو بھی منظور کر لیا گیا۔
اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000 کے تحت اوورلوڈنگ پر جرمانوں میں اضافے کی تجویز واپس لے لی گئی، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل 2026 کا معاملہ فی الوقت موخر کر دیا گیا۔











