وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سی ڈی اے فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک دورہ

4

اسلام آباد ، 7 ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے براہِ راست ان کے مسائل دریافت کیے۔

وزیر داخلہ نے فیسلیٹیشن سنٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایجنٹس کے خلاف بھرپور ایکشن کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا  کہ فیسلیٹیشن سینٹر میں کوئی ایجنٹ نظر نہیں آنا چاہیے۔

محسن نقوی نے سینئر سٹیزن کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں، رش اور انتظار پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے عمارت کی تزئین و آرائش کے ساتھ نئے کاؤنٹرز بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

دورے کے دوران شہریوں نے شکایت کی کہ فیسلیٹیشن سنٹر کا نظام اب بھی مینول ہے اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن نہیں ہوئی۔ شہریوں نے کہا کہ *مقررہ تاریخ پر ضروری دستاویزات فراہم نہیں کی جاتیں اور بار آنا پڑتا ہے۔

وزیر داخلہ نے شہریوں کے مسائل کے ازالے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور *مقررہ تاریخ پر دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کے مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنایا جائے اور فیسلیٹیشن سینٹر کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ *ایک ماہ کے اندر واضح بہتری نظر آئے گی۔