پاکستان ایئر فورس نے یوم شہداء جوش و جذبے سے منایا

50

راولپنڈی: 7 ستمبر(اے پی پی): پاکستان ایئر فورس نے ملک بھر کے تمام پی اے ایف بیسز پر 7 ستمبر کو یوم شہداء عقیدت و احترام کے ساتھ منایا تاکہ اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے اور ان کی بہادری، دلیری اور فرض شناسی کو سلام پیش کیا جائے۔

دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہداء، معرکہ حق کے بہادر شہداء اور پاکستان کے قیام سے اب تک فرض کی ادائیگی میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام پی اے ایف اہلکاروں کے لیے خصوصی دعا اور قرآن خوانی سے ہوا۔

ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ یوم شہداء کی مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز (عسکری)، ہلال جرات تھے۔ ایئر چیف نے پی اے ایف کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پی اے ایف کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور مادر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی فخر انگیز روایت کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کے بہادرانہ کارنامے تاریخ کے صرف ابواب ہی نہیں بلکہ ایک زندہ ورثہ ہیں جو موجودہ نسل پر گہری ذمہ داری عائد کرتے ہیں۔شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چیف آف دی ایئر سٹاف نے کہا: “ہمارے شہداء بہادری، قربانی اور قومی عزم کی دیرپا علامت ہیں۔ ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مادر وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے، جسے ہم ثابت قدمی سے نبھاتے رہیں گے۔”

بعد ازاں ایئر چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پی اے ایف کے بہادر شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔