وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی رہائش گاہ آمد

2

اسلام آباد، 20 ستمبر ( اے پی پی):  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی رہائش گاہ پہنچے، شہید کے والد اور بھائی سے ملاقات کر کے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

وزیر داخلہ نے شہید کے والد کے بلند حوصلے اور جذبے کو سراہا۔

والد شہید کیپٹن حمزہ نے کہا کہ میرا بیٹا حمزہ پاکستان پر قربان ہوا، دوسرا بیٹا بھی پاکستان کے لیے حاضر ہے۔ شہید حمزہ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ نہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپ جیسے عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو ناز ہے۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کا غیر معمولی جرات اور بلند جذبہ ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔ کیپٹن حمزہ اکرم نے 7 خوارجیوں کو جہنم واصل کر کے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت ہر شہید کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ قوم شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور ان کے خاندان کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتی۔ شہید کیپٹن حمزہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

واضح رہے کہ کیپٹن حمزہ اکرم ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔