جہلم،20 ستمبر ( اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے بیوٹی فیکیشن کے بعد جہلم مرکزی بازار کا افتتاح کر دیا ۔
وزیر مملکت نے جہلم کی سیاسی و پارٹی شخصیات، تاجر اور چیمبر کے نمائندوں، دکانداروں اور عوام کی بڑی تعداد کے ہمراہ جہلم مرکزی بازار کی بیوٹی فیکیشن کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی ۔
بلال اظہر کیانی کا عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے جہلم کے قدیمی و تاریخی بازار کو نئی شکل دی، سیوریج اور دیگر سہولیات فراہم کرکے دکانداروں اور شہریوں کو سہولت دی۔
انہوں نے بتایا کہ بیوٹی فیکیشن کے بعد بازار کو توسیع دی گئی جہاں خواتین،بچے اور بزگ سہولت اور آسانی کے ساتھ پیدل چل سکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں دکانوں کی نیلامی کے وقت بھی مقامی دکانداروں کے حقوق اور جائز مفادات کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی سکیم سے عوام کو سہولت دی ہے۔ اس کے علاوہ کھلی کچہریوں کے ذریعے جہلم، دینہ اور سوہاوہ کی عوام کے مسائل حل ہو رہے ہی جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخواہ میں بھی ایسے بازار بنیں اور عوام کو سہولت ملے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو تعمیر اور عوامی خدمت کی ضرورت ہے، انتشار اور فساد کی سیاست عوام مسترد کر چکی ہے۔
قبل ازیں بلال اظہر کیانی نے جہلم مرکزی بازار کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا۔











