وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اولیو کلچر پراجیکٹ پر اہم اجلاس، اولیو ویلیو چین کو قومی ترجیح بنانے کا عزم

3

اسلام آباد، 15 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اولیو کلچر پراجیکٹ کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طارق کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد نے منصوبے کے خد و خال اور پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں اولیو ویلیو چین کے فروغ کو قومی ترجیح بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیتون کی شجرکاری کے ساتھ ساتھ اس کی پروسیسنگ، اسٹوریج اور مارکیٹنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ اس شعبے کی پیداوار کو ملکی سطح پر کارآمد بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ کسانوں کو اولیو ویلیو چین کا مرکزی اور بنیادی فائدہ پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص پوٹھوہار کے خطے میں موجود زیتون کی کاشت کے بہترین پوٹینشل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ مقامی کسانوں کی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے۔

رانا تنویر حسین نے اولیو سیکٹر میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر اولیو کلسٹر میں ایکسٹریکشن اور پوسٹ ہارویسٹ سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیتون کے تیل کا معیار برقرار رکھنے کے لیے مؤثر ٹیسٹنگ اور اسٹوریج نظام قائم کیا جائے، جبکہ زیتون کے ضمنی اجزا کو ضائع ہونے سے بچا کر ویلیو ایڈیشن کے لیے استعمال میں لایا جائے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت اگلے تین سال کے دوران 15 ہزار ایکڑ رقبے پر زیتون کی شجرکاری کی جائے گی اور کسانوں کو 20 لاکھ پودے فراہم کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر مشینری کی ضروریات اور اخراجات کا حقیقت پسندانہ بنیادوں پر دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے اور ملکی معیشت میں اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔