اسلام آباد،15 ستمبر(اے پی پی): پاکستان انجینئرنگ کونسل نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانی انجینئرز اور ماہرین کو پاکستان سے جوڑنے کے لیے “برین گین پورٹل” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پی ای سی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی انجینئر شاہد اقبال بلوچ اور چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے مشترکہ طور پر پورٹل کا افتتاح کیا، جبکہ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے تقریب میں بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔
یہ پورٹل بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ماہرین کو ملک کے طلبہ، جامعات، اسٹارٹ اپس اور صنعتی اداروں کے ساتھ مؤثر انداز میں منسلک کرے گا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی انجینئرز طلبہ کو پیشہ ورانہ رہنمائی اور مشاورت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیقی و تکنیکی تجاویز کا جائزہ اور طلبہ کے فائنل ایئر پراجیکٹس کی نگرانی بھی کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ عالمی ماہرین پاکستانی اسٹارٹ اپس اور صنعتی اداروں کو خصوصی تکنیکی معاونت بھی فراہم کریں گے، جبکہ اس کی رکنیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی انجینئرز، ماہرین اور پاکستان کی معاونت کے خواہش مند دیگر عالمی ماہرین کے لیے بھی کھلی رکھی گئی ہے۔
پورٹل کی ساخت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس میں مختلف تکنیکی شعبوں کے لیے “گین سرکلز” اور علاقائی رابطوں کے لیے “ورلڈ وائیڈ چیپٹرز” قائم کیے گئے ہیں۔ اس نظام کے تحت تجربہ کار انجینئرز اور ماہرین کو “کنٹری بیوٹرز” جبکہ طلبہ، جامعات، اسٹارٹ اپس اور صنعت کو “سیکرز” کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ مزید برآں، پورٹل میں نمایاں پاکستانی انجینئرز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی “ہال آف فیم” اور پاکستان کے تاریخی انجینئرنگ منصوبوں کی مکمل دستاویز سازی کے لیے “آئیکونک پراجیکٹس رجسٹری” بھی شامل کی گئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی انجینئر شاہد اقبال بلوچ نے کہا کہ برین گین پورٹل بیرونِ ملک مقیم پاکستانی انجینئرز کی بے پناہ مہارت کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لائے گا، جس سے عالمی ماہرین، جامعات، طلبہ، اسٹارٹ اپس اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط قائم ہوں گے اور یہ اقدام پاکستان میں تحقیق، اختراع اور انجینئرنگ کے شعبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک چلے جانے کے باوجود پاکستانی انجینئرز کا اپنے مادرِ وطن سے لگاؤ اور تعلق کبھی ختم نہیں ہوتا، اور ان کی عالمی سطح پر حاصل کردہ مہارت ملک کا ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برین گین پورٹل بیرونِ ملک مقیم پاکستانی انجینئرز کی صلاحیتوں کو وطن تک پہنچانے اور عالمی انجینئرنگ برادری کو پاکستان کے ساتھ مربوط کرنے کا ایک انتہائی مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔











