وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے مالدیپ کے ہائی کمشنر  کی اہم ملاقات، صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

4

اسلام آباد03 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے مالدیپ کے ہائی کمشنر نے اہم ملاقات کی، جس میں صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ سفارتی تعلقات قائم ہیں، اور وقت آ گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

ملاقات کے دوران مالدیپ کے ہائی کمشنر نے آگاہ کیا کہ مالدیپ کے صدر کا اکتوبر 2026 میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے، جو دونوں ممالک کے دوستانہ روابط میں ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگا۔

ملاقات میں وزارتِ صحت اور مالدیپ ہائی کمیشن کے درمیان صحت کے شعبے میں ایک جامع مفاہمتی یادداشت (MoU) کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا، جس میں بالخصوص ریگولیٹری نظام اور میڈیکل ٹورازم جیسے اہم شعبے شامل ہوں گے۔

 وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان ہیلتھ ٹورازم کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے، اور پاکستان و مالدیپ صحت اور سیاحت کے شعبوں کو یکجا کر کے ایک دوسرے کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔