اسلام آباد، 09 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت پاسپورٹ رولز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور محکمہ پاسپورٹ کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے تارکین وطن کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سفری دستاویزات اور ضروری کاغذات کی بروقت تصدیق کے لیے مربوط اور تیز رفتار نظام وضع کیا جائے تاکہ ریکارڈ کی تصدیق کا عمل آسان ہو سکے۔
اس موقع پر وزیر قانون نے تصدیق کے عمل کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے اور ون ونڈو پورٹل متعارف کرانے کی تجویز پیش کی، جبکہ وزارت داخلہ کو تمام ضروری کارروائی کے لیے الیکٹرانک طریقہ کار اپنانے اور قواعد و ضوابط میں بہتری کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں واضح لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔











