ویٹرنری ادویات پر ڈی ٹوبارکوڈ نظام کے نفاذ اور ٹریس ایبلٹی کا جائزہ

1

اسلام آباد، 30 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں ویٹرنری ادویات پر ڈی ٹو  بارکوڈ نظام کے نفاذ اور ٹریس ایبلٹی کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جعلی ادویات کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے، جعلی ادویات کے خاتمے سے معیاری فارماسیوٹیکل صنعت کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ویٹرنری اور پولٹری ادویات کی محفوظ، مستند اور قابل تصدیق فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادویات پر ڈی ٹوبارکوڈ کے نفاذ کے لیے ڈیڑھ سال سے کام جاری ہے، بارکوڈ کا نظام جعلی اور غیر معیاری ویٹرنری اور پولٹری ادویات کی روک تھام میں معاون ہوگا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جانوروں میں استعمال ہونے والی ادویات بھی انسانی صحت سے براہ راست جڑی ہیں، ون ہیلتھ کے اصول کے تحت ویٹرنری ادویات کے مؤثر ضابطے اور نگرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔