ملتان ،01ستمبر(اے پی پی):سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی روڈ سیفٹی آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایک مقامی کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں طلباء و طالبات، کالج انتظامیہ اور ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے ٹیم ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سی ٹی او محمد نبیل کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوموں کی پہچان ہے۔ نوجوان خود بھی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے اہل خانہ و دوستوں میں بھی روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
سیمینار کے دوران شرکاء کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول، ڈرائیونگ تربیت اور پولیس خدمت مرکز کی مختلف سہولیات بارے بھی آگاہی دی گئی۔کالج میں موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ وین بھی موجود رہی، جہاں طلباء و طالبات نے ڈرائیونگ لائسنس سمیت مختلف سہولیات سے استفادہ کیا۔
سی ٹی او نے طلباء و طالبات میں کڈز کارڈز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔تقریب کے اختتام پر سی ٹی او محمد نبیل کھوکھر نے کالج میں پودا لگایا اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔
سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے شعور کے فروغ کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔











