ملتان میں ٹریول اے آئی ایپ بارے آگاہی سیشن، مسافروں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت

4

ملتان، یکم ستمبر(اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت اور چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر کی زیر نگرانی جنرل بس اسٹینڈ ملتان میں ٹریول اے آئی ایپ کے حوالے سے آگاہی و بریفنگ سیشن منعقد ہوا۔سیشن میں ٹرانسپورٹ اڈوں کے مالکان، منیجرز، ڈرائیورز اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔

ڈی ایس پی سرکل قذافی مظہر الاسلام، سی ایس او سی پی او ملتان مغیرہ خان، سیکیورٹی آفیسر رمیز اور انسپکٹر سہیل احمد انچارج ٹریفک ایجوکیشن نے شرکاء کو ٹریول اے آئی ایپ کے استعمال اور اہمیت بارے بریفنگ دی۔

شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ تمام مسافروں کی مکمل شناخت اور ضروری تصدیق کے بعد ان کا درست ریکارڈ ٹریول اے آئی ایپ میں درج کیا جائے اور شناخت و تصدیق کے بغیر کسی مسافر کو گاڑی میں سوار نہ ہونے دیا جائے۔

پولیس حکام نے کہا کہ ٹریول اے آئی ایپ کے مؤثر استعمال سے مسافروں کا ریکارڈ مرتب کرنے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اڈہ مالکان اور منیجرز کو احکامات پر فوری اور سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی کی گئی۔