پاکستان اور کشمیر کا تعلق گہرا ہے، ہم پہلے پاکستانی اور پھر کشمیری ہیں: راجہ سعید اکرم خان

7

اسلام آباد، 30 ستمبر (اے پی پی): چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان  نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی جوڈیشری اور عوام کو پاکستان بھر کی بارز اور وکلاء کی جانب سے ہمیشہ بے پناہ محبت اور عزت ملی ہے، پاکستان اور کشمیر کا تعلق گہرا ہے۔ ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھر کشمیری ہیں، پاکستان کی محبت اور حمایت ہمیشہ ہمارے ساتھ رہی ہے۔حریت رہنماء سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ہر کشمیری کے دل کی آواز ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ آزادجموں و کشمیر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس رضا علی خان ،جج سپریم کورٹ جسٹس خالد یوسف چوہدری بھی تھے ۔

انھوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں جوڈیشل سسٹم کے قیام اور استحکام میں پاکستان کی عدلیہ اور وکلاء کا بنیادی کردار ہے۔ صدر مملکت، پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سمیت ریاستی اداروں کے نظام میں بار اور عدلیہ کا کردار انتہائی اہم ہے۔

پاکستان 14 اگست 1947 کو معرضِ وجود میں آیا جبکہ قراردادِ الحاق پاکستان 19 جولائی 1947 کو منظور ہوئی تھی۔ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں لوگ سفید کفن میں دفن ہوتے ہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہداء کو سبز ہلالی پرچم میں دفن کیا جاتا ہے، جو کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی کی واضح علامت ہے۔