پاکستان وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون(کیرک) کانفرنس کی چیئرمین شپ سنبھالنے کے لیے تیار ہے: وفاقی وزیر احسن اقبال

1

منگولیا ، 29 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیرک (CAREC) کانفرنس کی چیئرمین شپ سنبھالنے اور وزارتی کانفرنس کی میزبانی کے لیے مکمل تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیرک کوریڈورز کے ذریعے وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑنے کا خواہاں ہے، جبکہ علاقائی راہداریوں کو اگلی نسل کے اقتصادی کوریڈورز میں تبدیل کرنا ہوگا۔ اب توجہ صرف ٹرکوں کی آمدورفت پر نہیں بلکہ کاروبار کے لیے راستوں کو قابلِ اعتماد اور منافع بخش بنانے پر مرکوز ہونی چاہیے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، ڈیجیٹل رابطوں، توانائی اور قدرتی آفات سے تحفظ کا مربوط نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹرانسپورٹ چین کو مکمل کرنے کے لیے سڑکوں، جدید سرحدی سہولیات، ریل فریٹ، ڈرائی پورٹس اور بندرگاہوں کو مؤثر انداز میں مربوط کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تورخم اور چمن بارڈر پر جدید سرحدی سہولیات علاقائی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، جبکہ اسٹریٹجک مقامات پر لاجسٹکس اور پیداواری مراکز قائم کرکے ٹرانزٹ ٹریفک کو برآمدات اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ کوریڈورز کے ساتھ کولڈ اسٹوریج، پیکیجنگ، گودام اور ہلکی صنعتوں کے قیام سے مقامی معیشت کو مزید فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کیرک ڈیجیٹل کوریڈور کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور ”پاکستان سنگل ونڈو” علاقائی تجارت کے ڈیجیٹل انضمام کی بنیاد بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ علاقائی توانائی تعاون کے ذریعے مشترکہ اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی سڑکوں، ریلوے اور لاجسٹکس انفراسٹرکچر کو سیلاب اور شدید گرمی جیسے موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانا ہوگا۔ کوریڈورز کی اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب وہ سامان کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کریں اور ان سے منسلک مقامی آبادیوں کو بھی معاشی خوشحالی میں حصہ دار بنایا جائے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کیرک کیپیٹل مارکیٹس ڈویلپمنٹ فورم اور آسیان کیپیٹل مارکیٹس فورم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے۔ اس مفاہمت کا مقصد کیرک اور آسیان ممالک کے درمیان کیپیٹل مارکیٹس میں باہمی تعاون اور روابط کو فروغ دینا ہے۔