نیو یارک 25 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کے یکجہتی کے عزم کو دہرایا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائی بہنوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔
خطاب کے دوران انہوں نے سندھ طاس معاہدے پر بھی بات کرتے ہوئے بھارت کے یکطرفہ فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس یکطرفہ اقدام کو اقوام متحدہ اور ثالثی عدالت نے بھی تسلیم نہیں کیا، کیونکہ آبی معاہدے بین الاقوامی قوانین کے تحت قائم ہوتے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ پانی کو کبھی بھی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پانی کو روکنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوئی بھی کوشش ملک کے سلامتی کے مفادات کے منافی ہوگی اور اسے سنجیدہ خطرہ سمجھا جائے گا۔











