اسلام آباد، 15 ستمبر(اے پی پی): لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کی وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات اور پھر وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، جن میں سکیورٹی تعاون، دہشت گردی، منشیات، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پولیس اکیڈمیز اور تربیتی پروگرامز کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران دونوں وزارتوں کے مابین باہمی تعاون کے لیے ایم او یو پر جلد دستخط کرنے، کوآرڈینیشن کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے، اور دہشت گردوں و ڈرگ مافیا کی سرکوبی کے لیے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق رائے ہوا۔ اس کے علاوہ انسدادِ منشیات کے شعبے میں معاہدے پر مکمل عملدرآمد اور سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزہ فری انٹری کی سہولت دینے پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور خطے کے پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امید ہے یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھولے گا۔ لبنانی وزیر داخلہ نے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک برادر ملک ہے اور وہ داخلی سکیورٹی سمیت مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
اس اہم ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، سپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











