چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچ گیا

8

منسک،24 ستمبر(اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچ گیا۔ منسک نیشنل ایئرپورٹ پر بیلاروسی پارلیمان کے ایوانِ جمہوریہ کے ڈپٹی چیئرمین ایگور برائیلووچ اور بین الاقوامی امور و قومی سلامتی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سرگئی الینک نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

پاکستانی پارلیمانی وفد کا یہ دورہ ایوانِ جمہوریہ کی چیئرمین نتالیہ کوچانووا کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان پارلیمانی و دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنا اور تجارت، معیشت اور انسانی بنیادوں پر باہمی تعاون سمیت مشترکہ مفادات کو فروغ دینا ہے۔

دورے کے دوران پاکستانی پارلیمانی وفد کا دو روزہ مصروف پروگرام طے ہے۔ دورے کی اہم سرگرمی پاکستانی سینیٹ اور بیلاروس کے ایوانِ جمہوریہ کے درمیان پارلیمانی تعاون کے لیے مفاہمت کی بنیادی یادداشت (ایم او یوز) پر دستخط ہوں گے۔

وفد کی اعلیٰ سطحی بیلاروسی حکام سے ملاقاتیں اور مذاکرات بھی شیڈول ہیں، جبکہ وفد کو بیلاروس کی صنعتی و طبی شعبے میں نمایاں اداروں کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں منسک ٹریکٹر پلانٹ سمیت ملک کے ممتاز طبی، سائنسی اور عملی تحقیقی مراکز کے دورے بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

یہ دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید وسعت دینے، باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئی سمت دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔