قوفو، چین،29 ستمبر (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا ویڈیو پیغام چین کے تاریخی شہر قوفو میں منعقد ہونے والے (چائنا انٹرنیشنل کنفیوشس کلچر فیسٹیول) میں پیش کیا گیا۔ قوفو عظیم مفکر اور فلسفی کنفیوشس کا آبائی شہر ہے۔
اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے فیسٹیول کے شرکا، دانشوروں اور معزز مہمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنفیوشس کی تعلیمات آج بھی علم و تعلم، دوستی، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔
پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2026 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ پاک چین دوستی اعتماد، باہمی احترام، تعاون اور امن و ترقی کے مشترکہ عزم پر استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا لازوال (آہنی بھائی چارہ) وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی جامعات میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے چینی زبان، ثقافت کے فروغ اور باہمی فہم و آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادب، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں روابط کو فروغ دیا جانا چاہیے تاکہ دونوں عظیم تہذیبیں خیالات اور علم کے ذریعے مزید قریب آسکیں۔
چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ یہ فیسٹیول دونوں اقوام کے درمیان افہام و تفہیم کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا پل صرف پتھر اور فولاد سے نہیں بلکہ علم، دوستی اور انسانی دلوں سے تعمیر ہوتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے فیسٹیول کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاک چین دیرینہ اور مثالی دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔











