چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کا غوری ٹاؤن اور مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسیِ آب کے مؤثر اقدامات کی ہدایت

0

اسلام آباد، 01 ستمبر (اے پی پی): چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے موسلادھار بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں اور بالخصوص غوری ٹاؤن کا دورہ کر کے نکاسیِ آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سی ڈی اے، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں نکاسیِ آب کے خصوصی آپریشن میں مصروفِ عمل ہیں۔ تیز بارش کے پیشِ نظر اسلام آباد کے نشیبی علاقوں، انٹرچینجز، انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی بروقت نکاسی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔

شاہراہوں پر ٹریفک کا بہاؤ بحال رکھنے کے لیے انڈر پاسز اور حساس مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینری اور فیلڈ ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ نالوں اور ڈرینز میں حائل کچرے و ملبے کی صفائی کا کام بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور پورے آپریشن کی براہِ راست مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے تمام افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران اور بعد میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں موصول ہونے والی عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں شہری سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 16 اور 1334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ اسلام آباد میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی، ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور شہریوں کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ ادارے آپسی رابطے کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے واضح کیا کہ شہر میں بارش کے بعد صفائی، نکاسیِ آب اور بحالی کے کام بیک وقت جاری ہیں اور جب تک تمام راستے اور نشیبی علاقے مکمل طور پر صاف نہیں ہو جاتے، تمام فیلڈ ٹیمیں اور افسران اپنے اپنے علاقوں میں الرٹ رہیں گے۔