اسلام آباد،01ستمبر (اے پی پی): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے منگل کو علی الصبح موسلہ دھار بارش کے دوران وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسی آب آپریشن کی خود نگرانی کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے مختلف سڑکوں، نشیبی علاقوں، انٹرچینجز، انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کیے گئے انتظامات، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو درپیش ممکنہ مشکلات کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے ضروری احکامات جاری کیے۔
دورے کے دوران متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں نے چیئرمین سی ڈی اے کو مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے اقدامات، تعینات افرادی قوت، ڈی واٹرنگ مشینری اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے خاص طور پر سیکٹر E-11 میں بارش کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کا موقع پر جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تیز بارش کے دوران اسلام آباد کے تمام اہم نشیبی علاقوں، انٹرچینجز، انڈر پاسز اور مرکزی شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پانی کے فوری اخراج کے لیے خصوصی ڈی واٹرنگ ٹیمیں اور مشینری مختلف حساس مقامات پر تعینات کر دی گئی ہیں۔ سی ڈی اے، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں بارش کے پانی کی نکاسی اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام حساس مقامات کی مسلسل اور مؤثر نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا، پانی کی فوری نکاسی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نالوں، ڈرینز اور پانی کی قدرتی گزرگاہوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ بارش کے پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہو۔
متعلقہ افسران نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے اور کسی بھی مقام پر پانی جمع ہونے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ ٹیم کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے افسران کو تاکید کی کہ بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، محفوظ آمدورفت اور بنیادی شہری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ تیز بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور پانی جمع ہونے والے مقامات پر جانے سے احتیاط کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال یا نکاسی آب سے متعلق شکایت کی صورت میں شہری سی ڈی اے کی ہیلپ لائن 1334 اور ایمرجنسی نمبر 16 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھیں گی۔











